آئی سی سی چیمپنز ٹرافی، ٹیم پاکستان نہیں جائیگی، بھارتی میڈیا، پی سی بی پرامید

آئی سی سی چیمپنز ٹرافی، ٹیم پاکستان نہیں جائیگی، بھارتی میڈیا، پی سی بی پرامید

کراچی(عبدالماجد بھٹی)بھارتی میڈیا ایک بار پھر دعویٰ کررہا ہے کہ ان کی ٹیم آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں جائے گی۔پی سی بی حکام اس بار زیادہ پرامید ہیں اور کہتے ہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔جے شاہ کی آئی سی سی کی صدارت کیلئے کوششیں، دونوں بورڈز کے درمیان ڈیل ہونے کا امکان، فیصلہ میرٹ پر ہوگا، پی سی بی، ٹیم کا پاکستان کا سفر حکومت کی اجازت سے مشروط، بھارتی کرکٹ بورڈ، اچھی خبر ہی ہو گی، بھارت کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا سے بھی اچھا آپشنز ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ،ٹیم پاکستان نہیں جائیگی،آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کے درمیان ٹورنامنٹ کی تفصیلات پر بات نہیں ہوئی،میڈیا کا دعویٰ۔تفصیلات کے مطابق ،بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ آئی سی سی کی صدارت کے لئے کوششیں کررہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ووٹ حاصل کرنے کے لئے دونوں بورڈز کے درمیان کوئی ڈیل ہوسکتی ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کہتا ہے کہ ڈیل نہیں فیصلہ میرٹ پر ہوگا، ہمیں میزبانی ملی ہے اور بھارتی ٹیم لاہور آئے گی۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فروری میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے لئے بھارتی ٹیم اسی صورت میں پاکستان جائے گی، جب بھارتی حکومت اسے 17سال بعد پاکستان کاسفر کرنے کی اجازت دے گی ،لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی پر امید ہیں کہ فروری میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی اور اس میں بھارتی کرکٹ ٹیم بھی شرکت کرے گی۔بارباڈوس میں ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کے بعد لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا دعویٰ ہے کہ بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر ابھی کچھ نہیں کہوں گا، مگر اچھی خبر ہی ہو گی۔چیمپنز ٹرافی سے قبل لاہور،کراچی،پنڈی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کرنی ہے، بھارت کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا سے بھی اچھی آپشنز ہے، پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بھی اچھی خبر ہو گی۔2008میں بھارتی ٹیم آخری بار ایشیا کپ میں شرکت کے لئے کراچی آئی تھی۔پاکستانی ٹیم نے اکتوبر میں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لئے بنگلور،چنئی اور کول کتہ میں میچ کھیلے تھے۔تاہم بھارتی میڈیا دعوی کررہا ہے کہ ان کی ٹیم 19 فروری سے 9 مارچ تک شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرے گی ،حالانکہ پی سی بی نے جمعے کو ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کے درمیان ٹورنامنٹ کی تفصیلات پر ابھی بات نہیں ہوئی ہے، لیکن اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کا سفر کرے گی۔ بالآخر فیصلہ بھارتی حکومت پر منحصر ہے۔ تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ رواں ماہ سری لنکا میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں اس مسئلے کو اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس میں محسن نقوی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر شرکت کریں گے۔بھارتی بورڈ کے اس وقت کرتا دھرتا بی جے پی کے سرکردہ رہنما امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ ہیں۔تاہم اس معاملے پرمودی سرکار حتمی فیصلہ کرے گی۔بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ آئی سی سی ایونٹ ہے، اس لیے ہمارے پاس ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ تاہم، آئی سی سی کی آئندہ میٹنگ کے دوران مزید تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔

Leave a Comment