آئی ایم ایف سے وسط جولائی تک نیا معاہدہ ہوجائیگا، وزیر خزانہ

آئی ایم ایف سے وسط جولائی تک نیا معاہدہ ہوجائیگا، وزیر خزانہ

واشنگٹن ( واجد علی سید،ٹی وی رپورٹ ) وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے پاکستان کےلیے اچھی خبریں آئیں گی،وزیرخزانہ نے ہفتے کو اپنا ایک ہفتے کا دورہ امریکا مکمل کرلیا ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ وسط جولائی تک پاکستان کا آئی ایم ایف کیساتھ نیا اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے معاشی اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کرنا ضروری ہے ۔ نئے توسعی معاہدے پر بات چیت کیلئے آئی ایم ایف ٹیم وسط مئی تک پاکستان آئے گی۔، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے ہمراہ واشنگٹن میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ کی سرمایہ کاروں اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں ہوئیں،وزیر خزانہ نے سلیکون ویلی کے ٹیک انٹر پرینیورز کو سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے،امریکا میں پاکستان سے متعلق رویوں میں تبدیلی آئی ہے ،پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے امریکا میں کئی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی جبکہ سعودی عرب،چین،ترکیے اور دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام نے پاکستان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی ہے ،بڑے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے ،ٹیکس نظام میں بہتری سے محصولات میں اضافہ ہوگا ،آئندہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے پاکستان کیلئے اچھی خبریںآ ئیں گی۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چینی مارکیٹ تک رسائی کیلئے کوششیں جاری ہیں،اداروں کی نجکاری پر کام جاری ہے ،معاشی تعلقات کی بحالی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ،معیشت سے متعلق بال ہمارے کورٹ میں ہے،اب ہمیں کام کرنا پڑے گا ،معیشت کی بحالی سے متعلق سمت واضح ہے ۔انہوں نے کہا ایف بی آر نظام میں ڈیجیٹلائزیشن لارہے ہیں ،پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش پر ماضی میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ،پی آئی اے کا قرضہ سالہا سال سے بڑھتا جارہاتھا جسے حکومت کو برداشت کرنا پڑا ،سعودی عرب پاکستان میں 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ،سعودی وفد نے ملاقات میں بتایا کہ کچھ ٹرانزیکشن آئندہ دنوں میں ہوجائیں گی ۔

Leave a Comment